سابق وفاقی وزیر داخلہ و مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ آئندہ الیکشن میں پنجاب سے قومی اسمبلی کی 125 نشستیں جیتے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ہمیں ہر حلقے میں ایک سے زائد چوائسز میسر ہیں، بڑی تعداد میں ہمارے کارکنان اور لیڈرز نے الیکشن لڑنے کاارادہ ظاہر کیا، اگلےہفتے سے پارلیمانی بورڈز کی میٹنگ کا آغاز کریں گے اور ہر ڈویژن کو علیحدہ سے دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں نوازشریف بڑا جلسہ کریں گے، الیکشن مہم کو منظم انداز میں چلانے کا فیصلہ کیا ہےرانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ پنجاب کی 141 میں سے 120سے 125 نشستوں پرکامیابی حاصل کرےگی اور سادہ اکثریت سے ن لیگ حکومت بنائے گی۔ان کا کہنا تھاکہ وقت کا تقاضہ ہے ایک تجربہ کار اور مخلص قیادت ملک کوبحران سے نکالنے کیلئے لیڈ کرے، نواز شریف نے پہلے بھی ملک کو 2 مرتبہ ایسے بحرانوں سے نکالا ہے، پاکستان کے خلاف سازش نہ کی جاتی توملک آج ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہوتا، ہم نےسازشوں،حالات،مشکلات ،جھوٹے مقدمات کے خلاف جرات وحوصلے کے ساتھ سامنا کیا، ہم نے ملک کو بحران سےنکالنے کا عزم اور قوم سے وعدہ کیا ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھاکہ تنقید کا ہم برا نہیں مناتے، تنقید ایک دائرے اور حد میں ہونی چاہیے، تنقید سیاسی انداز میں ہونی چاہیے، ایسی تنقید کو برداشت کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی لیڈر یا جماعت دعویٰ کرتی ہے تو ہمیں تشویش نہیں، تمام جماعتیں الیکشن میں حصہ لیں گی، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے، اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو کیا مجھے اس لیے نہیں پوچھا جائے کہ میں نے الیکشن لڑنا ہے؟ لیگی صوبائی صدر کا کہنا تھاکہ آج کی میٹنگ میں ضلعی کمیٹیاں بنائی ہیں جو پارلیمانی بورڈ کو سروےپیش کریں گی، ہم نے جائزہ لیا ہے ، تقریباً 70 فیصد حلقوں میں کوئی جھگڑا نہیں، کیا ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے قائم ہونا لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟ ہم وننگ پوزیشن میں ہیں، ہمیں دکھائی دے رہا ہے، ہمارے ساتھ جو 2018 میں ہوا، اب نہیں ہورہا تو آپ کو ناگوار گزر رہاہے۔انہوں نے کہا کہ مخدوم احمد محمود اپنے حلقے میں مضبوط امیدوار ہیں ، وہ جیتیں گے، الیکٹیبلز میں کوئی اچھائی ہوتی ہے تو عوام ان کی قدر کرتے ہیں، ہمیں نہیں لگتا کہ جنوبی پنجاب میں ہماری پوزیشن کمزور ہے، جنوبی پنجاب کے 10 حلقوں میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔