نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اس وقت غزہ کے بچے میرے ذہن میں ہیں، غزہ میں بچوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔
بچوں کے عالمی دن کے موقع کے حوالے سے جاری بیان میں نگراں وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ فوج کبھی نہتے شہریوں اور بچوں کو نشانہ نہیں بناتی، نہتے بچوں کا قتل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے، اسرائیلی فوج غزہ میں نہتے بچوں کا قتل عام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم غزہ میں فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچوں کا ہولو کاسٹ فوری طور پر روکا جائے، غزہ میں ہونے والے واقعات کو مذہب سے ہٹ کر انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھا جائے۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ہم غزہ کے بچوں کے سامنے شرمندہ ہیں، فلسطین میں پیدا ہونے والی صورتحال مستقبل کے تنازعات کی اہم وجہ بنے گی، اس صورت حال کا آنے والی صدیوں میں کبھی دفاع نہیں کیا جا سکے گا، غزہ میں نے والی نسل کشی کےخلاف پاکستان آواز اٹھاتا رہے گانگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، معاشرے کے تمام طبقات کی ذمے داری ہے کہ وہ بچوں کی بہتری کے لیے کام کریں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ زارا الرٹ ایپ کا اجراء بچوں کے حقوق کے تحفظ میں معاون ہوگا، حکومت بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔