اسرائیل کے سابق وزیرِ اعظم ایہود بارک کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسپتالوں کے نیچے بنکرز اسرائیلی فوج نے بنائے تھے، یہ بنکرز کئی دہائیوں پہلے بنائے گئے تھے۔
ایہود بارک نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ بنکرز بنانے کی وجہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی نگرانی کرنا تھی۔
میزبان کرسٹین امان پور نے حیران ہو کر پوچھا کہ کیا آپ نے اسرائیلی فوج غلطی سے تو نہیں کہہ دیا؟
ایہود بارک نے جواب دیا کہ نہیں، بنکرز اسرائیلی فوج نے ہی بنائے تھے جنہیں اب حماس استعمال کر رہا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں کے نیچے حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی موجودگی کے اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔
دوسری جانب 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار 300 ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہداء میں 5 ہزار 600 بچے اور 3 ہزار 550 خواتین بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں زخمیوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ غزہ پٹی کے 15 لاکھ شہری بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔