عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس نے 12 تھائی شہریوں اور 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا۔ تھائی وزیراعظم نے اپنے شہریوں کی رہائی کی تصدیق کردی۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس نے 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو بین الاقوامی ریڈ کراس کے حوالے کردیا، جنہیں رفح سرحدی کراسنگ لایا جارہا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹرز غزہ پٹی کرم ابوسالم کراسنگ پہنچ گئے، 13 اسرائیلی یرغمالیوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے اسرائیل منتقل کیا جائے گا۔
دوسری جانب تھائی لینڈ کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے یرغمال 12 تھائی شہریوں کو رہا کیے جانے کی اطلاع مل رہی ہیں۔
غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری کے بعد چار روزہ عارضی جنگ بندی ہوگئی، جس کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
4 روزہ عارضی جنگ بندی کے آغاز کے بعد مصر سے براستہ رفح کراسنگ 8 ٹینکر جنوبی غزہ میں داخل ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق 4 ٹینکر ایندھن اور 4 ٹینکر کوکنگ گیس کے داخل ہوئے، ٹینکرز اقوامِ متحدہ کی امدادی تنظیموں کو منتقل کر دیے گئے ہیں
عرب میڈیا کے مطابق آج کم از کم 200 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
عارضی جنگ بندی کے بعد فلسطینی خاندانوں کی واپسی جاری ہے۔ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش اور ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ سٹی اور شمالی غزہ پر روزانہ چھ گھنٹے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اسرائیلی طیارے پرواز نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی مجموعی تعداد 14 ہزار 854 ہو گئی ہے جس میں 6 ہزار 150 بچے اور 4 ہزار خواتین شامل ہیں۔