العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی اپیل 7 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہی 7 دسمبر کو نیب کی العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا بڑھانے کی اپیل کی بھی سماعت ہوگی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگ زیب سماعت کریں گے۔
یاد رہے کہ 6 جولائی 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو 11 سال قید کی سز اسنائی تھی۔
علاوہ ازیں 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
رواں سال 26 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے (ن) لیگی قائد نواز شریف کی درخواست پر ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کی تھیں۔
گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی 11 سال قید کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں بری کردیا۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے تحریری فیصلے کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بریت کا فیصلہ کہیں چیلنج نہیں کیا گیا ، عدالت نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور اور انھیں بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔