مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہےکہ نواز شریف کو رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے، اس پر بھی کہہ رہے ہیں کہ شاید نواز شریف کو فیور مل رہی ہے، تمہیں شرم آنی چاہیے۔
جلال پور جٹاں میں ن لیگ کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ایک بار اقتدار ملا اور ملکی تاریخ کا سب سے بڑی کرپشن کا کیس بن گیا، اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص نواز شریف کے خلاف سازش کا سہولت کار تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ 22 سال میں نواز شریف کو صرف ایک الیکشن کی اجازت دی گئی، نواز شریف کے مقابلے میں لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے ہو تو یہ لیول پلیئنگ فیلڈ دیکھ لو۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل میں دیسی مرغی اور ایکسر سائز کی مشینیں دینا ہیں تو پھر سب قیدیوں کو دیں، نواز شریف نے 11 سال جلاوطنی کاٹی، آج بھی عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، ملک کی کونسی ایسی جیل ہے جس میں نواز شریف نہیں رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک میں اربوں کھربوں کے منصوبے لگائے، ایک منصوبے میں بھی نواز شریف پر کرپشن کا الزام نہیں لگا، اربوں ڈالر کی فیس دے دی کہ نواز شریف کے خلاف کچھ نکال کر لاؤ، لیکن کوئی چیز نہیں لاسکے۔