سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف سے کوئی رابطہ کیا نہ انہیں رابطہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں الیکشن نہیں لڑ رہا، 100 بار کہہ چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعظم، چیف جسٹس، الیکشن کمشنر کہہ رہے ہیں تو انتخابات ہوں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جس لیول پلیئنگ فیلڈ سے تحریک انصاف اقتدار میں آئی تھی آج بھی وہی حالات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک میٹنگ کی وجہ سے 14 سال سے نیب عدالت میں کھڑے ہیں، کیا آج کے نیب چیئرمین کو یہ باتیں نہیں معلوم کہ کیس کیسے بنے، 14 سال معمولی عرصہ نہیں ہوتا کہ تب جا کر انصاف ملے۔
سابق وزیرِ اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ 15 سال بعد سب کہتے ہیں انصاف مل گیا لیکن آج ملک میں ظلم و ناانصافی کا جواب کون دے گا، عدالت رات کو کھل رہی ہے لیکن نیب جو کر رہا ہے اس کا پتہ نہیں۔