عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں جنرل نشستوں کیلئے مختلف جماعتوں کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے بھی مخصوص نشستوں کیلئے اپنی ترجیحی فہرستیں الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیں۔
پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں میں شازیہ مری کو پہلی ترجیح قرار دے دیا، سندھ سے مخصوص نشستوں کیلئے نفیسہ شاہ کا دوسرا اور شگفتہ جمانی کا تیسرا نمبر ہے۔
پیپلز پارٹی سیدہ شہلا رضا اور مہتاب اکبر راشدی کو بھی ایم این اے بنانے کی خواہش مند ہے۔
ترجیحی لسٹ کے اعتبار سے اگر پیپلز پارٹی کو سندھ سے بڑی کامیابی ملتی ہے تو ناز بلوچ اور شرمیلا فاروقی بھی قومی اسمبلی کی رکن بن سکیں گی۔
سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری، پارٹی سربراہان کی فہرست میں پی ٹی آئی کا خانہ خالی
سندھ کی صوبائی اسمبلی میں عذرا فضل پیچوہو پیپلز پارٹی کی پہلی ترجیح ہوں گی جبکہ بی بی یاسمین شاہ، نزہت پٹھان، رخسانہ شاہ، ہیر سوہو اور ندا کھوڑو بھی پیپلز پارٹی کی ترجیحی فہرست میں شامل۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جمع کروائی گئی ترجیحی فہرست کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں پر طاہرہ اورنگزیب کو پہلی اور مریم اورنگزیب کو تیسری ترجیح قرار دے دیا۔
شائستہ پرویز ملک اور نزہت صادق کو بھی ن لیگ کا ترجیحی ٹکٹ مل گیا جبکہ شزہ خواجہ، زیب جعفر اور انوشہ رحمان بھی قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر امیدوار ہوں گی۔
پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں کیلئے ذکیہ خان، عشرت اشرف اور تہمینہ دولتانہ مسلم لیگ ن کی ترجیح میں ٹاپ تھری میں شامل ہٰیں۔
ن لیگ کی جانب سے مریم اورنگزیب کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ بھی مل گیا ہے جبکہ عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ اور عظمیٰ کاردار بھی ن لیگ کی جانب سے مخصوص نشستوں کیلئے امیدوار ہوں گی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے پیش کیی گئی ترجیحی فہرست کے مطابق آسیہ اسحاق، ڈاکٹر نگہت شکیل، سبین غوری، رعنا انصار، فرزانہ سعید اور سلیقہ سعید کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ مل گئے۔
سندھ اسمبلی کیلئے ایم کیو ایم کی ترجیحی فہرست میں صوفیہ سعید، سکندر خاتون، کرن مسعود، فرح سہیل، قراۃ العین، بلقیس، فوزیہ حمید اور مسرت جبیں کے نام شامل ہیں۔