آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے، جھوٹی خبروں سے تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ریاست وجود کھوتی جا رہی ہے، پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں، قوم کے ساتھ مل کر ہر قسم کے مافیا کی سرکوبی کریں گے۔
آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار نیشنل فارمرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد یہی ہے کہ ہمیں سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جائے گا، باقی حصہ کسانوں اور زرعی ریسرچ کے لیے رکھا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ فوج کا گرین پاکستان انیشیٹیو میں کردار عوام اور کسانوں کی خدمت ہے، تمام اضلاع میں زرعی مالز کا انعقاد کیا جائے گا، زرعی مالز میں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ آسان زرعی قرض، کولڈ اسٹوریج کی چین کو یقینی بنایا جائے گا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ بیج کی فراہمی اور جینیٹیکلی انجینئیرڈ لائیو اسٹاک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے۔ پاکستان کے پاس، گلیشیئر، دریا، پہاڑ اور زرخیز زمین ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دنیا کا بہترین چاول، کینو، آم، گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے خزانے ہمارے پاس موجود ہیں۔