پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 54 رہنماؤں اور امیدواروں نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروادی۔
درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت، 17 ڈپٹی ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر اوز)، نیشنل ڈیٹابیس ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا)، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارٹی رہنماؤں، ورکرز اور امیدواروں کے خلاف کارروائیاں روکی جائیں، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی انتظار پنجوتھا کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے نہیں دیا جا رہا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ تحریک انصاف کے ساتھ انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، تحریک انصاف کو نگراں حکومتیں آئینی حق سے محروم کر رہی ہیں، امیدواروں، تائید و تجویز کنندگان کو آر اوز کے دفاتر سے گرفتار کیا جا رہا ہے۔