نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت ملک میں یوریا کھاد کی دستیابی سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
اس موقع پر نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں یوریا کھاد ضرورت کے مطابق دستیاب ہے۔ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں یوریا کھاد کی کسانوں تک ترسیل کو آسان بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوریا کھاد کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے۔
اجلاس میں نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر، وزیر توانائی، وزیر قومی غذائی تحفظ، وزیر تجارت گوہر اعجاز، اور نگراں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ سرکاری افسران شریک ہوئے۔