سینیٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر بہرمند خان تنگی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فوج اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف منفی، بدنیتی پر مبنی پروپیگینڈا کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔
سینیٹ میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فوج اور سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کے خلاف جنگ، سرحدوں کی حفاظت کیلئے دی گئی قربانیوں کا ادراک کرتے ہیں۔
دشمن ہمسایوں کے ہوتے ہوئے مضبوط فوج اور سیکیورٹی ایجنسی ناگزیر ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پاک فوج کےخلاف بد نیتی پر مبنی پروپیگینڈا کیا جا رہا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت پروپیگنڈے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کے اقدامات کرے، فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے کو سخت سزا دی جائے۔
سینیٹر بہرمند خان تنگی کی قرارداد کی تحریک انصاف کے ارکان نے بھی حمایت کی۔