سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 54 سال سے میرے دوست ہیں، وہ اس وقت مشکل میں ہیں، کس طرح تنقید کروں۔
ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ مخالفین پر تنقید پسند نہیں۔ کارکردگی پر بات کرنا چاہتا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ ن لیگ میرے ہاتھوں میں پیدا ہوئی اور پلی بڑھی، ن لیگ میں 35 سال گزارے ان پر تنقید کرنا اچھا نہیں لگتا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ ن لیگ سے اپنی عزت نفس کی خاطر ناراض ہوا، بزرگوں کے سامنے تو ہاتھ باندھ کر کھڑا ہوسکتا ہوں مگر بچوں کے سامنے نہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مخالفین کو 8 فروری کو میرا ووٹر جواب دے گا۔ میرے مخالف نے پی آئی اے کا بھٹا بٹھایا۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کی دم پکڑ کر نہیں بلکہ عوام کی طاقت سے ایم این اے بنوں گا۔ پچھلی بار کی طرح آپ کے ووٹ پر ڈاکا نہیں ڈالنے دوں گا۔