انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہی تفتیش کرنے کا حکم سنایا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات کی سماعت کی۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ تمام مقدمات کے ایس ایچ اوز ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔ پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔ عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کرنے کا حکم دیا۔
بانی پی ٹی آئی اس وقت توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں رہائی کی روبکار جاری کی گئی تھی۔