نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے افریقی اور ایشیائی ممالک کے سفیروں کے گروپ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
جن ملکوں کے سفیروں یا ہائی کمشنرز نے ملاقات کی ان میں الجزائر، سوڈان، بنگلا دیش، برونائی، ملائیشیا، ماریشس، جنوبی افریقہ جبکہ ایتھوپیا، انڈونیشیا، کینیا، نائیجیریا، صومالیہ، تیونس اور زمبابوے کے ناظم الامور شامل تھے۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے افریقی ملکوں کے ساتھ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اس موقع پر افریقی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گفتگو کے دوران جنوب مشرقی ایشیائی ممالک بالخصوص برونائی، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو سراہا۔
انہوں نے کہا پاکستان دوطرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آسیان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کےلیے تعاون کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے فلسطین میں پائیدار امن کے لیے اجتماعی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔