الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ریٹرننگ افسران کسی ایک پارٹی کے امیدوار کو دوسری پارٹی کا انتخابی نشان نہ دیں۔
الیکشن کمیشن کا یہ حکم نامہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پلان بی سامنے آنے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے تحت امیدوار اپنی پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ دیتا ہے، ایک شخص ایک وقت میں ایک سے زیادہ پارٹی کا رکن نہیں ہو سکتا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایسی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن سے الیکشن کمیشن کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا عام انتخابات کا پلان ’بی‘ سامنے آیا تھا، جس کے مطابق ’بلے‘ کا انتخابی نشان نہیں ملا تو پی ٹی آئی دوسری جماعت کے نام اور نشان پر الیکشن لڑے گی۔
بلے کے انتخابی نشان پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف نے قومی و صوبائی امیدواروں کو پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹ جاری کردیے۔
پارٹی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام امیدوار تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹ آر اوز اور ڈی آر اوز کے دفاتر میں جمع کروائیں۔