مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز دور میں ہنستہ بستہ ملک تھا، پھر ایک شخص کو ملک کی حکومت دی گئی جس نے تباہی مچا دی۔
سیالکوٹ میں والی بال گراؤنڈ میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ خواتین اسی طرح نواز شریف کے لیے کام کرتی رہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سردی کی وجہ سے انتخابی مہم سست روی کا شکار تھی، آج خواتین نے رونق لگائی تو دھوپ بھی نکل آئی، نواز شریف 8 فروری کو پھر اقتدار میں آئے گا اور ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا۔
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ ہمیں 16 ماہ کی حکومت ملی، اس میں بھی شہر کی سڑکیں بنائیں، پچھلی حکومت نے ایک اینٹ تک نا لگائی، اس نوسر باز سے اللّٰہ نے ہماری جان چھڑا دی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آپ لوگوں کا اور ہم سب کا جینا مرنا اس وطن کے ساتھ ہے، مجھے انہوں نے 6 ماہ کے لیے قید کرایا، خود پکڑے گئے تو ٹی وی پر آکے اپنے لیڈر کو گالیاں دینا شروع کر دیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہماری تربیت ہے کہ ماؤں بہنوں کی عزتیں سانجھی ہوتی ہیں، ان لوگوں نے ٹی وی پر باتیں کیں کہ الیکشن نہیں لڑوں گا، اب ماں کو چوک پر لے آئے، عزت دار لوگ اپنی ماؤں بہنوں سے ایسا نہیں کرتے۔
خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری مائیں بہنیں باشعور ہیں، ہم نے عزت آبرو کے ساتھ جیلیں کاٹیں۔