غیر شرعی نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
اڈیالہ جیل میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے متعلقہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی۔
فرد جرم کمرۂ عدالت میں سینئر سول جج قدرت اللّٰہ نے پڑھ کر سنائی۔
فرد جرم کے وقت بانی پی ٹی آئی کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔
بشریٰ بی بی کی غیر موجودگی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
وکلاء صفائی نے بشریٰ بی بی کے درخواست استثنیٰ منظور کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کر دی۔
عدالت نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو آج طلب کیا تھا وہ کس کی اجازت سے کمرۂ عدالت سے چلی گئیں؟ پتہ کریں بشریٰ بی بی جیل میں کب داخل ہوئیں اور باہر کب گئیں۔
جیل انتظامیے نے بتایا کہ بشریٰ بی بی 11:30 پر داخل ہوئیں اور 1:45 پر چلی گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز غیر شرعی نکاح کیس میں بشریٰ بی بی اور بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر آج فرد جرم عائد نہ ہو سکی تھی۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے ایک دن کی درخواست استثنیٰ دائر کی تھی، پراسیکیوشن کے وکیل رضوان عباسی نے درخواست کی مخالفت کی تھی۔