چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ پاکستان کوپرانے سیاست دانوں کے حوالے نہیں کرسکتے، میدان میں ہم ہی ہیں کوئی اور نظر نہیں آتا۔
لاہور میں اپنے انتخابی حلقے میں جلسے سے خطاب میں بلاول نے شریف خاندان پر طنز کرتے ہوئےکہا کہ ان کو کوئی سمجھائے لاہور میرا ہے ان کا نہیں، یہ ہم پر طنز کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ الیکشن لڑنے لاہور کیوں آئے ہو، لاہور نے بےنظیر بھٹو کو وزیراعظم بنایا تھا، پنجاب پر کبھی شوباز کو مسلط کیا جاتاہےتو کبھی وسیم اکرم پلس مسلط کیا جاتا ہے
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کیا لاہور کی قسمت میں یہ ہی لکھا ہےکہ ان ہی چہروں کوبار بار مسلط کیا جائے، نوجوانوں کو سمجھائیں کہ وہ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں،عوام مجھے چار نہیں ایک مرتبہ موقع دیں، جو ووٹ کی عزت کے دعوے دار ہیں وہ اس وقت اپنا نظریہ چھوڑ کر سیاست کر رہے ہیں، یہ لوگ اپنا نظریہ چھوڑ سکتے ہیں ہم نہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کےکارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کو کہہ کر تھک گئے تھےکہ سیاست کریں،گالم گلوچ سیاست نہیں ہوتی، سیاسی مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالنا سیاست نہیں، ن لیگ پی ٹی آئی کارکنوں سے انتقام لے رہی ہے، میں ن لیگ کے ظلم سےگزرا ہوں، میرے خاندان اور کارکن ن لیگ کے ظلم سےگزرے ہیں، میں نہیں چاہتا کہ کوئی اور سیاسی کارکن اس ظلم سے گزرے، الیکشن میں تیر اور شیرکا مقابلہ ہے، میرا ساتھ دیں اس انتقامی سیاست کو دفن کردوں گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موقع دیں آمدنی دگنی کروں گا، 30 لاکھ گھربناؤں گا ، تین سو یونٹ بجلی مفت دوں گا، میرا ایک خواب ہےکہ پاکستان کا کوئی شہری بھوکا نہ سوئے، اگر مجھے حکومت ملی تو یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے۔