پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان ذہنی بیمار ہیں کسی چیز کا پتہ نہیں، صحت کارڈ میں نے شروع کیا تھا وہ اس سے بے خبر تھے۔
مردان میں جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ بے ایمان حکمرانوں نے ملک کا ستیاناس کردیا ہے اور ملک کو قرضوں کے دلدل میں پھنسا دیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے دوسروں سے دگنا قرضے لیے، عمران خان آیا اور لوٹ کھسوٹ کرکے چلا گیا، وہ میرے سمجھانے پر بھی نہ سمجھ سکے۔
ان کا کہنا تھاکہ صوبے میں میری حکومت آرہی ہے کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا، عوام 8 فروری کے انتخابات میں ایماندار لوگوں کا انتخاب کریں۔
بعدازاں صوابی میں جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی ذہنی بیمار ہیں کسی چیز کا پتہ نہیں، وہ صرف امیر لوگوں کے ساتھ تعلق بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ میں نے شروع کیا تھا بانی پی ٹی آئی تو بے خبر تھے، خیبرپختونخوا اور مرکز میں بھی حکومت میں نے بنائی تھی، بانی پی ٹی آئی تو کچھ نہیں سمجھتے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ 8 فروری کو میں وزیراعلیٰ اور حکومت پی ٹی آئی پی کی ہوگی۔