یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے زیر اہتمام تیسرا سالانہ ای یو انڈو پیسیفک منسٹیریل فورم 2 فروری کو برسلز میں منعقد ہوگا۔
اس فورم کی صدارت یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل کریں گے جبکہ اس کے ساتھ ہی ای یو آسیان منسٹیریل میٹنگ بھی منعقد ہوگی۔
ای یو انڈو پیسیفک منسٹیریل فورم میں پاکستان سمیت یورپی یونین، افریقہ، ایشیا اور بحرالکاہل کے 70 ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
فورم میں شرکت کےلیے پاکستان کے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی برسلز پہنچ چکے ہیں۔
یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس میں مینجنگ ڈائریکٹر برائے انڈو پیسیفک نکولا کوارم اسٹورم کے مطابق فورم میں شامل ممالک کے ساتھ یورپین یونین کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ کیونکہ اس خطے میں دنیا کی 60 فیصد آبادی ہے۔ یہی خطہ گلوبل جی ڈی پی کا 60 فیصد پیدا کرتا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی دنیا بھر میں 60 فیصد گلوبل گرین ہاؤس گیسز کا اخراج بھی یہیں سے ہوتا ہے۔
یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے مطابق اجلاس کے دوران انڈو پیسیفک ریجن میں جغرافیائی، سیاسی اور سیکیورٹی چیلنجز کے علاوہ مشترکہ خوشحالی، اقتصادی لچک اور سرمایہ کاری اور گرین توانائی کی منتقلی کو تیز تر کرنے پر بات ہوگی۔
جبکہ گلوبل گیٹ وے انیشیٹیو کے تحت ڈیجیٹل ٹرانزیشن، ویلیو چین ڈائور سیفیکیشن، میری ٹائم سیکیورٹی معاملات سمیت کئی دیگر موضوعات پر بھی گفتگو ہوگی۔