تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کا کہنا ہے کہ جس نے 10 کروڑ کا پارٹی ٹکٹ خریدا وہ 25 کروڑ عوام سے وصول کرے گا، ہم نے 713 امیدوار میدان میں اتارے ہیں کسی ایک سے بھی ایک روپیہ نہیں لیا۔
کراچی میں ٹی ایل پی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سعد رضوی نے کہا کہ ہم وہ نہیں جن کے بڑوں نے انگریزوں سے ساز باز کرکے جائیدادیں لیں، ہم ان کی اولادیں ہیں جنہوں نے انگریزوں کے ظلم برداشت کیے۔
سعد رضوی نے کہا کہ عوام کا مجمع بتا رہا ہے ہر ظلم مٹتا جا رہا ہے، 76 سال سے جو حالات ابتر سے ابتر کر رہے ہیں یہ جلسہ ان کےلیے پیغام ہے۔
سربراہ ٹی ایل پی نے کہا کہ ملک کو کرپشن، بے امنی، غربت کی دلدل میں پھینک دیا گیا ہے، کراچی نے بتا دیا ہے کہ اب بلے، پتنگ، تیر کی نہیں کرین کی باری ہے، 76 سال سے جنہوں نے ملک لوٹا آج نئے ناموں سے آرہے ہیں، شہری دوبارہ دہشتگردی برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
سعد رضوی نے کہا کہ ووٹ صرف ایک پرچی نہیں ایک امانت ہے، مخالفین کو نہیں معلوم ٹی ایل پی کیا کرنے جا رہی ہے، ٹی ایل پی کے کارکن بریانی اور قیمے والے نان پر نہیں آئے۔