پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یک جہتی کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی تک ان کے ساتھ ہیں، پورا پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے متحد ہے۔
انہوں نے کہا دنیا مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ استصواب رائے کا وعدہ پورا کرے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر عالمی قانون اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت ایک مسلمہ تنازعہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا مسئلہ جموں و کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا اور دنیا میں پائیدار امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل لازم ہے، سلامتی کونسل فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے بےگناہ لوگوں کو ظالمانہ اور غاصبانہ قبضوں سے نجات دلائے۔
شہباز شریف نے کہا سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر یہ دونوں تنازعات دہائیوں سے زیرالتوا ہیں۔ قابض افواج ان دونوں خطوں میں نسل کشی کے یکساں ایجنڈے پر کار بند ہیں۔