مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا تختہ الٹا گیا لیکن اس نے سپہ سالار کو میر جعفر نہیں کہا، شہدا کو گالی نہیں دی، جادو ٹونے کا سہارا نہیں لیا، اپنا مقدمہ اللّٰہ پر چھوڑا۔
قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہربان نے کہا ن لیگ نے کراچی اور سندھ میں جلسہ نہیں کیا، سندھ میں میرے مہربان کی کارکردگی ہمارے جلسے کا کام کر رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے اس حلقے سے قومی اسمبلی کا امیدوار بنا کر مجھے خرید لیا ہے۔ کھڈیاں والو! نواز شریف کی قیادت میں ضلع قصور کو لاہور بنا دیں گے اور ہر چیز دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج الیکشن مہم کا آخری جلسہ ہے۔ نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف نواز شریف وطن سے محبت کرتے ہیں، تو دوسری طرف ملک دشمنی ہے۔ ایک طرف اندھیرے تھے نواز شریف روشنی لائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایثار قربانی ہے، دوسری طرف لالچ اور پیسا بٹورنے کی خواہش ہے۔ ایک طرف تحمل اور برداشت ہے، دوسری طرف تکبر اور رعونت ہے۔ ایک طرف 9 مئی کا واقعہ ہے، دوسری طرف 28 مئی والے نواز شریف بیٹھے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔حالیہ سالوں میں جب سیلاب آئے تو وہ دھرنے دیتے رہے، سازشیں کرتے رہے۔ ماضی میں جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا، نواز شریف آگے بڑھ کر آئے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ 8 فروری کو آپ کو شیر پر مہر لگانا ہے، 9 فروری کو نیا سورج طلوع ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو موقع دیا تو پورے ملک میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کا دن نوٹ کرلو، ترقی کو چن لو، ملک میں بےروزگاری کو ختم کرو۔