مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور پنجاب سے وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد مریم نواز نے کہا ہے کہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ قبول نہ کرنے کا مطلب اگر یہ اخذ کیا جا رہا ہے کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کش ہو رہے ہیں تو اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مریم نواز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہیں کر رہے ہیں بلکہ میں اور شہباز شریف ان کی سربراہی میں کام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 5 سال نواز شریف ناصرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق و پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی بھی کریں گے انشاء
مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی تینوں حکومتوں میں عوام نے واضح اکثریت دی تھی اور یہ بات وہ انتخابی تقاریر میں میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے، جو لوگ نواز شریف کے مزاج سے وقف ہیں انہیں نواز شریف کے اصولی موقف کا علم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور میں ان کے سپاہی ہیں، ان کے حکم کے پابند ہیں اور ان کی سربراہی اور نگرانی میں کام کریں گے- اللّہ ہمیں کامیابی عطا فرمائے۔ آمین
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت عظمیٰ کے لیے شہباز شریف کا نام سامنے آنے پر قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ نواز شریف سیاست چھوڑ رہے ہیں