کمشنر راولپنڈی کے انتخابات میں دھاندلی کے اعترافی بیان پر تحریک انصاف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے بیان کے بعد چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی چوری شدہ نشستیں فوری واپس کی جائیں، کمشنر راولپنڈی کے دھاندلی کا اعترافی بیان پی ٹی آئی کے مؤقف کی تائید ہے۔
انہوں نے کہا کہ 70 ہزار ووٹوں کی برتری والے آزاد امیدواروں کو شکست میں تبدیل کیا گیا، کمشنر راولپنڈی نے عوام کا مینڈیٹ چرانے کی گھناؤنی سازش کے کردار بےنقاب کر دیے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ واضح ہوچکا الیکشن میں عوام نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو بھاری اکثریت سے نوازا، کمشنر راولپنڈی کے انکشافات کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے پاس عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔
ترجمان نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کر کے چوری شدہ 86 نشستیں واپس کی جائیں، چیف الیکشن کمشنر سمیت ملوث تمام افسران عہدوں سے فوری مستعفی ہوں، تمام ملوث مجرمان کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سزا دی جائے۔