امریکی رکن کانگریس اینڈی اوگلز نے فلسطینیوں سے نفرت کا کھلا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ غزہ میں تمام فلسطینیوں کو قتل کردینا چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں معصوم فلسطینی بچوں کی اموات کے سوال پر امریکی رکن کانگریس اینڈی اوگلز نے انتہاپسندانہ سوچ پر مبنی جواب دیتے ہوئےکہا کہ اب جواب دینے کا وقت آگیا ہے، غزہ میں تمام فلسطینیوں کو قتل کردینا چاہیے۔
اینڈی اوگلز کے بیان پر مسلمانوں، ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رکن کانگریس کا بیان ظاہرکرتا ہےکہ امریکی صدر جوبائیڈن، ان کی کابینہ اور کانگریس سب جنگی مجرم ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والے حملوں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
صیہونی فوج نے جبالیا میں پناہ گزین عمارت پر حملہ کیا، رفح میں بھی بمباری کی، ایک مسجد بھی بمباری کی زد میں آئی۔ اسرائیلی فوج کے دیرالبلح میں فضائی حملے سے الاقصیٰ اسپتال کا ڈاکٹر شہید ہوگیا۔
7 اکتوبر سے جاری اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 29 ہزار 500 تک جاپہنچی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے غزہ میں انسانی اور صحت کی صورتحال تباہ ہونے سے غزہ ڈیتھ زون بن گیا ہے۔