رمضان کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔
رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور مہنگائی کا جن پھر سے قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے، ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاہور میں بھی ضلعی حکومت اور انتظامیہ مہنگائی پرقابو پانے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیاز ، ادرک ، لہسن،کینو ، سیب ،کیلا اور پپیتےکی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
سیب اور کینو 400 روپے ، کیلا 200 روپے درجن ہوگیا ہے، پیاز کی قیمت 220 روپے اور ٹماٹر 169 روپےکلو ہوگئے۔
گھی 510 روپے ، چینی 155روپے ، مٹن 2 ہزار 2 سو روپے اور چکن 617 روپےکلو فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح تندور کی سادہ روٹی 20 روپے ہے لیکن اس کا وزن کم کر دیا گیا اور بعض جگہ پر نان کی قیمت 25 سے بڑھا کر 30 روپے کردی گئی۔
بیکری آئٹمز میں ڈبل روٹی ، انڈے ، کیک رس ، بسکٹ کی قیمتیں بھی کم نہ ہو سکیں۔