ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں بارش تو کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شدید بارش اور برفباری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث شاہراہ قراقرم، شاہراہ گنگا چوٹی، شاہراہ شاردہ کیل، شاہراہ آر سی ڈی اور تفتان ہائی وے سمیت ملک کی کئی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا بتانا ہے کہ کراچی پر اثر انداز سسٹم کا کچھ حصہ سندھ کے مشرقی علاقوں کی طرف بڑھ گیا ہے جبکہ آج سے کوئٹہ کی سرد ہوائیں کراچی شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گی۔
شدید موسم کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی نیلم میں شاہراہ شاردہ کیل بند ہوگئی جبکہ جہلم ویلی کےعلاقوں داؤ کھن اور ریشیاں میں برفباری سے شاہراہ گنگا چوٹی کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کوہستان کے علاقے سازین اور لوٹر کے مقام پر شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔بارش اور برفباری کے بعد بلوچستان کا خیبرپختونخوا کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ سندھ کے ضلع سجاول میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ساحلی پٹی میں کشتیاں لنگرانداز کردی گئی ہیں