شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کو اقتدار دیدیا جائے تو بیرون ملک مقیم ایک کروڑ پاکستانیوں سے فوری پیسا حاصل کرکے پاکستان کو مشکل سے نکال سکتے ہیں۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد جیل کے باہر صحافیوں سے بات چیت کے دوران شیر افضل مروت نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص سیٹوں پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو دے دیا ہے، فیصلے کے خلاف اتوار کے روز پورے پاکستان میں احتجاج کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف کے تمام نو منتخب اراکین صوبائی و قومی اسمبلی پر حکومتی نمائندوں سے گلے ملنے اور مبارک بادیں دینے پر پابندی لگاتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایوان میں ایسا تاثر نہیں ملنا چاہیے کہ حکومت اور اپوزیشن کا گٹھ جوڑ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن پراسس کا آڈٹ کرادیں، اگر حکومت جائز ہے تو پھر قرضہ دے دیں۔
شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے جس پر شدید تحفظات ہیں، بانی پی ٹی آئی نے مزید 7 سال جیل میں رہنے کا کہا ہے اور کسی بھی ڈیل سے انکار کیا ہے، شراکت اقتدار سے بھی معذرت کرلی ہے۔