اسلام آباد ہائی کورٹ نے انتظامیہ کے سینیئر افسر کو سب جیل بنی گالہ کا دورہ کرنے حکم دیتے ہوئے بشریٰ بی بی کی سب جیل میں موجودگی پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی جس میں بشریٰ بی بی کے وکیل نےکہا کہ بشریٰ بی بی کو بنی گالہ کےگھر کے ایک کمرے میں بندکرکے رکھا گیا ہے، عدالت بیلف مقرر کرے جو وہاں جاکر دیکھے اور آج ہی رپورٹ دے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ جب بشریٰ بی بی اڈیالہ پہنچ گئی تھیں توسپرنٹنڈنٹ جیل کو انہیں بنی گالہ منتقل کرنے کا اختیار نہیں تھا۔
عدالت میں سرکاری وکیل نے کہا کہ بشریٰ بی بی سابق خاتون اول ہیں، ان کی حفاظت کے لیے بنی گالہ منتقل کیا گیا۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کے آرڈر کی رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات سے متعلق سپرنٹنڈنٹ جیل آرڈر پاس کرے۔