وفاقی کابینہ نے کیلے اورپیاز کی برآمد پر 15 اپریل 2024 تک پابندی عائد کے,
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے دوران رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا نوٹس لے لیا۔
شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں مہنگائی پر قابو پانا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اشرافیہ کوسبسڈیزدی جارہی ہیں، ٹیکس چوروں اور ٹیکس چوری میں ملی بھگت کرنے والے افسران کو نہیں چھوڑیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں کالی بھیڑوں کی نشاندہی کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس میں اضافہ نہیں بلکہ ٹیکس بیس میں اضافہ کریں گے، معیشت کی بحالی ہمارا اولین ایجنڈا ہے۔کابینہ اجلاس میں فیصلہ کرنے کے بعد کیلے اور پیاز کی برآمد پر پابندی لگادی گئی۔