بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے باعث ضلع دکی میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق طوفانی بارش کی وجہ سے مقامی کوئلہ کان کے باہر مزدوروں کی رہائش کیلئے بنائے گئے مکان کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 5 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں عنایت اللہ، ابراہیم، ولی محمد، ظفر اللہ اور صدرالدین نامی مزدور شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں سے ضروری کارروائی کے بعدانہیں آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا۔
جاں بحق افراد میں سے تین کا تعلق موسیٰ خیل، ایک ژوب جبکہ ایک مزدور مسلم باغ کا رہائشی تھا۔
دوسری جانب بارشوں کے بعد کئی مقامات پر پنجاب کو ملانے والی شاہراہ سیلابی ریلوں میں بہہ گئی ہے۔
کوژک ٹاپ میں بھی کئی مقامات پر شاہراہ سیلابی ریلے سے متاثر ہوئی ہے جبکہ دھاناسر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قومی شاہراہ بند ہوگئی ہے۔