وزیراعظم شہباز شریف نے قطر، عمان اور ترکیہ کے سربراہان مملکت کو فون کرکے عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اورامیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات اور مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں ملکر کام کرنے کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی اورتجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی اور جلد دورہ پاکستان کی یقین دہانی کرائی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں کنے بنیادی قومی مفادات پرایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھنے اور دوطرفہ تعاون مزیدمستحکم کرنے کا عزم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کو ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کی مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان موجود تعاون کی وسیع استعداد پر روشنی ڈالی اور پاک عمان اداراہ جاتی اور اقتصادی روابط کے فروغ و مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔
سلطان ہیثم بن طارق نے بھی وزیرِ اعظم کو عید کی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے عمانی سلطان کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ عمانی سلطان نے بھی شہباز شریف کو عمان کے دورے کی دعوت دی۔