پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کا دہشت گردی کے معاملے پر مل بیٹھ کر بات کرنے پر اتفاق ہوگیا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں ان کا دہشت گردی سمیت اہم معاملات پر متحد ہونا ضروری ہے۔
دوسری جانب رہنما تحریک انصاف سینیٹر ڈاکٹر زرقا تیمور نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کے ایشوز پر تمام سیاسی پارٹیوں کو اکھٹے بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل منگل کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اگر فیصلے کرنے ہیں تو جمہوریت، ملک اور عام آدمی کے مفاد کیلئے کریں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یکطرفہ فیصلے ہم پر مسلط نہیں کیے جاسکتے، ڈائیلاگ اور بیٹھ کر بات چیت ہونی چاہیے، ہم کسی افراتفری اور فتنے کا آلہ کار نہیں بنیں گے