عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ایئر ایمبولینس کی سہولت عوام کے لیے مفت ہوگی، ایئرایمبولنس سے متعلق بہت پروپیگنڈا کیا گیا، مریم نواز نے یہ جہاز عوام کی سہولت کے لیے خریدا ہے۔
پنجاب حکومت کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ایئر ایمبولنس کا پہلا ہوائی جہاز پاکستان پہنچ گیا ہے، ایئر ایمبولینس چھوٹی جگہ پر لینڈ کر سکتا ہے، تین ایئر ایمبولینس اور دو ہیلی کاپٹر ریسکیو کے لیے استعمال کیے جائیں گے، پنجاب حکومت جون کے مہینے سے بلا معاوضہ ایئر ایمبولینس کو آپریشنل کر دے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ایئرا یمبولینس پنجاب کے تین مقامات پر پارک ہوں گے، اسپتالوں میں جہاز اور ہیلی کاپٹر لینڈ کرنے کے لیے جگہ بنائی جائے گی۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایک پارٹی کامیڈیا سیل ویلا بیٹھا ہر بہتر کام پر تنقید کرتا ہے، ایئرایمبولینس کا چورن 2004ء سے بک رہا ہے، تحریک انصاف خود تو کوئی بھلائی کا کام کر نہ سکی، کوئی اور کرتا ہے تو اس پر انہیں تکلیف ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرسٹر سیف کے پاس اپنے وزیراعلیٰ کے اقدامات بتانے کے لیے نہیں اس لیے مریم نواز پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سیف کو مریم نواز کے سوشل میڈیا پر ہونے پر بھی افسوس ہے، جو پارٹی بنی ہی سوشل میڈیا پر ہے اور اب صرف سوشل میڈیا پر ہے وہ اعتراض کر رہے ہیں، تکلیف آپ کی جائز ہے، آپ کے پاس عوام کو بتانے کے لیے کچھ نہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مکمل ہوم ورک کے بعد پنجاب میں روٹی کی قیمت چار روپے کم کی ہے، نان بائی ایسوسی ایشن گھر بیٹھ کر یہ نہیں کہہ سکتی کہ روٹی سستی نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کی گندم اور آٹے کی قیمت پر بہت توجہ ہے، سستی روٹی شہباز شریف کا پراجیکٹ تھا، 20 کلو آٹے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی ہے، روٹی کی قیمت میں 4 روپے کمی کے پیچھے پوری ریسرچ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گندم اور پیٹرول کی مہنگائی کا بہانہ بنا کر روٹی مہنگی کی جاتی ہے تو آٹا سستا ہونے پر قیمت نیچے بھی لانا پڑے گی۔
وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہر شہر کی انتظامیہ اس وقت فیلڈ میں موجود ہے، گندم کی قیمت میں مزید کمی آئے گی، آٹا مزید سستا ہونا ہے، عوام کی ریلیف کی راہ میں حائل مافیا کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جو حکم ہوا ہے اس پر عمل کرنا پڑے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جن کے تحفظات ہیں ان کو سنا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لیڈر جیل میں بھی ہو تو اس کو جوتے کی نوک پر نہیں رکھا جاتا، یہ جوتے پر 804 لکھ کر گھوم رہے ہیں غلط بات ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بہت جلد کے پی کے لوگ ان کے گریبان پکڑ کر پوچھیں گے، کے پی کے لوگوں کو گریبان پکڑ کر پوچھنا پڑے گا کہ روٹی سستی کیوں نہیں، مریم نواز کی نقل کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ہے کہ ایئرایمبولینس لائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جن سے پل، سڑکیں نہیں بن سکیں وہ کیا ایئرایمبولنس لائیں گے، ہماری دعا ہے کہ کے پی عوام کو بھی ایئرایمبولینس کی سہولت ملے