کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ڈیل کی درخواستیں دے رہی مگر ادارے تیار نہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی ایک طرف اداروں کےخلاف مہم چلارہی ہے اور دوسری طرف منتیں کر رہی ہے، پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور دہشتگردوں کی طرح اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکیاں دے رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اسلام آباد پر قبضےکی دھمکی سے ثابت ہوگیا پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ کے عزائم دہشتگردانہ ہیں، پی ٹی آئی والے پہلے سوشل میڈیا پر اور اب دارالخلافہ میں دہشتگردی کی باتیں کر رہے ہیں، پی ٹی آئی مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے مگر ادارے تیار نہیں ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ داخلی گروہ بندی کا شکارپی ٹی آئی کے اندر ہر گروہ کا اپنا بیانیہ ہے، پچھلے ڈیڑھ سال سے پی ٹی آئی کا ہرگروہ ڈیل کی درخواستیں دے رہا ہے، اداروں کےخلاف مہم چلانے والےکس منہ سے اداروں سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔
وزیراطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے اداروں کے خلاف مہم چلائی اور اب انہیں سیاست میں دھکیل کر متنازع بنانا چاہتی ہے، پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے یہ کیسے عوام کو بیوقوف بنا کر اداروں سے لڑاتے ہیں۔