وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ ان لوگوں نے جتنے بلند و بانگ دعوے کیے تھے وہ دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ہم نے ان کو مکمل طور پر فری ہینڈ دیا، ان کا جلسہ ناکام ہوگیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور صرف دس بارہ گاڑیوں میں آئے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ پنجاب بڑا مہمان نواز ہے آج سڑکیں بھی کھلی رکھیں اور سیکیورٹی بھی دی۔ اسلام آباد جلسے میں بڑی بڑھکیں ماری تھی اور نتیجہ کھودا پہاڑ نکلا چوہا، وہ بھی مرا ہوا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں ملک بھر میں اپنے لوگوں کو متحرک کرنے کی کوشش کی، ان کی کوشش کے باوجود لوگ ان کے جلسے میں اکٹھے نہیں ہوئے۔ پی ٹی آئی ایک ہی لائن میں بتادیں کہ جلسے کا بیانیہ کیا ہے؟
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک میں انتشار پیدا کرنی چاہتی ہے، یہ چاہتے ہیں ان کا لیڈر جیل سے باہر آئے، یہ این آر او لینے کی کوشش ہے۔ ان کی ایک ہی کوشش ہے کہ لیڈر کو رہا کریں، ایسے تو این آر او نہیں ملے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی ہمیشہ خواہش رہی کہ ملک میں انارکی پھیلائی جائے۔
عطاءاللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ جتنے ان لوگوں نے بلند و بانگ دعوے کیے تھے وہ دھرے کے دھرے رہ گئے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا پنجاب جارہے ہیں۔ جلسے کے مناظر سے پتا چلتا ہے کہ اسلام آباد کی طرح لاہور کا جلسہ بھی ناکام رہا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے تمام راستے آج دن بھر کھلے رہے، پی ٹی آئی کے قافلوں کےلیے کسی مقام پر رکاوٹ کھڑی نہیں کی گئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم ہوئی ہے، پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی ڈبل ڈیجٹ میں گئی، تحریک انصاف کے دور میں معیشت تنزلی کی طرف گئی۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ مانتے ہیں کہ اب مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، ہم نے جلسے کےلیے جگہ اور سیکیورٹی فراہم کی لیکن یہ لوگ جمع کرنے میں ناکام رہے۔
عطاءاللّٰہ تارڑ نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معیشت کی بہتری کی خبریں دے رہے ہیں۔ یہ پاکستان کی ترقی سے خوف زدہ ہیں اس لیے آئی ایم ایف کو خط لکھے گئے۔
انکا کہنا تھا کہ لطیف کھوسہ نے چیف جسٹس کے بارے میں غلط زبان استعمال کی۔