گوجرانوالہ: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ،عدالت میں پیش کرنیکا حکم ۔
جوڈیشل مجسٹریٹ سدرہ گل نواز نے رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے 12 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے، مقدمہ 16 اکتوبر 2020 کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم جلسے کے روز درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں کنٹینر ہٹانے اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کا الزام ہے، مقدمے میں خرم دستگیر، عمران خالد اور سلمان خالد بٹ پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔
پولیس نے رانا ثنا اللہ سے متعلق مقدمے کا چالان تاخیر سے جمع کرایا تھا، پولیس نے رانا ثنا اللہ کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے 173 کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔
عدالت نے پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کو طلب کیا تھا تاہم طلب کرنے کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔