
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے میں پاکستان کا کردار تسلیم کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ۔
ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسدادِ دہشت گردی میں پاکستان کا کردار تسلیم کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ، پاکستان ہمیشہ انسدادِ دہشت گردی میں ایک اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا مقصد دہشت گردوں اور عسکریت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے سے روکنا اور کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف کارروائی کے لیے جگہ نہ دینا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہمارے 80،000 سے زائد بہادر فوجیوں اور شہریوں کی جانوں کی قربانیاں شامل ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم اپنے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ہم علاقائی امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔