
بیجنگ انڈرپاس میں سکیورٹی گارڈ کی جانب سے شہری پر فائرنگ اور تشدد کے واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں سرعام غنڈہ گردی کا واقعہ کینال روڈ پر بیجنگ انڈر پاس میں پیش آیا جہاں غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی پر مامور پرائیویٹ کمپنی کے سکیورٹی گارڈز نے راستہ نہ دینے پر عمران نامی شہری کی گاڑی کو روکا اور فائرنگ کردی تھی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نجی سکیورٹی کمپنی کےخلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور نجی سکیورٹی کمپنی کے دفترکو عارضی طورپرسیل کرکے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کا بتانا ہے کہ سکیورٹی کمپنی 30 روز میں شوکازنوٹس کا تحریری جواب دینے کی پابند ہے اورغیر تسلی بخش جواب پر سکیورٹی کمپنی کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔