
کراچی: پاک بھارت کی جنگ بندی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی اس کے زبر دست اثرات دیکھے جا رہے ہیں۔
آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز سے ہی اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور ایک موقع پر 100 انڈیکس میں 9929 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا اور 100 انڈیکس کو 117104 پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔
کاروبار کے دوران پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کے دوران 10 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس ایک لاکھ 17 ہزار پوائنٹس کی سطح پر بحال ہوگیا۔ایک ہی دن میں اسٹاک مارکیٹ کے حجم میں 9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسرے جانب سرمایہ کاروں نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کی وجہ صرف جنگ بندی نہیں ہے بلکہ آئی ایم ایف سے قرض کی منظوری، شرح سود میں کمی، ترسیلات زر کے نمبرز اور دیگر عوام شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کا اثر اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑا تھا اور بھارتی حملے کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔
تاہم پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیے جانے والے بھرپور اور منہ توڑ جواب کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک ایکسچنج میں بہتری آنا شروع ہو گئی تھی۔