
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے وفد سے ملاقات میں پاکستانی معیشت کے مختلف سیکٹرز میں مزید سرمایہ کاری کرنےکی دعوت دی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب اور وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ شریک ہوئیں۔
وزیراعظم نے وفد سےکہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے سلسلے میں تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، متحدہ عرب امارات اورپاکستان کے مشترکہ ثقافت، بھائی چارے اور مذہبی اقدارپر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں، اماراتی کمپنیاں پاکستانی معیشت میں عرصہ دراز سے سرمایہ کاری کر رہی ہیں، بیرونی کمپنیوں کوکاروبار دوست ماحول اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔
اس موقع پر گروپ سی ای او اماراتی کمپنی کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں گزشتہ 19سال سےکامیاب سرمایہ کاری کررہی ہے، پاکستان میں مزید کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں۔
اماراتی وفد کا کہنا تھا کہ ہماری کمپنی میں 10ہزار سے زائد پاکستانی قابل قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں، پاکستان میں مستقبل کے لیے طویل مدتی اور کامیاب سرمایہ کاری کے لیے پر عزم ہیں۔