کوئٹہ میں آٹا، سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 130 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد قیمت 2750 سے بڑھ کر 2880 روپے ہوگئی ہے۔شہر میں سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی بھی مہنگے داموں فروخت جاری ہے۔سفید آلو 100، لال آلو 150، ٹماٹر 140، لہسن 500 اور ادرک کی 800 روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیاز کی فی کلو قیمت 100سے بڑھ کر 120روپے ہوگئی ہے جبکہ مٹر 350 روپے فی کلو تک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔سیب 250 سے 300 اور انار 200 سے 300 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں دودھ، دہی اور گوشت کی بھی سرکاری نرخ ناموں سے زائد قیمت پر فروخت جاری ہے۔دودھ 180 کے بجائے 200 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ بکرے کا گوشت سرکاری نرخ 1600 کے بجائے 1800 سے 1900 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔کوئٹہ کے شہریوں نے حکومت سے مہنگائی کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔