عارضی جنگ بندی معاہدے کے بعد بھی غزہ میں اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے، محفوظ راہداری قرار دی گئی صلاح الدین اسٹریٹ پر زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس پر میزائل حملہ کردیا۔
اسرائیلی فوج کے اسپتالوں کے گرد اور محفوظ راہداری پر فضائی حملوں میں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار 100 سے تجاوز کر گئی جبکہ 34 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔دوسری جانب غزہ میں زمینی آپریشن کے دوران ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ میں زمینی آپریشن میں ہلاک فوجیوں کی تعداد 69 ہوگئی ہے۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی تفصیلات
قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدہ انسانی بنیادوں پر ہوا جس کے تحت امدادی سامان غزہ لے جانے کی اجازت ہو گی۔قطری وزارتِ خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ امدادی سامان میں ایندھن کی ترسیل بھی شامل ہے۔قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق پہلے مرحلے میں قید خواتین اور بچوں کی رہائی کا تبادلہ ہو گا۔قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 روزہ جنگ بندی میں 50 اسرائیلی خواتین اور بچوں کی مرحلہ وار رہائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حماس مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا عہد کرے تو جنگ بندی میں توسیع ہوسکتی ہے۔ قیدیوں کا تبادلہ ہلال احمر، اسرائیل، قطر، اور حماس کی معاونت سے عمل میں آئے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی قید سے 150 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کے بدلے حماس 50 یرغمالی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا۔