عراق نے بغداد کے جنوب میں امریکی حملوں کی مذمت کی ہے۔ اس حوالے سے عراقی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی حملے عراق کے علم میں لائے بغیر کئے گئے، جو ملکی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
بغداد سے عراقی حکام کا مزید کہنا ہے کہ امریکی حملے داعش کے خلاف لڑنے والے بین الاقوامی اتحاد کے مشن کی بھی واضح خلاف ورزی ہیں۔واضح رہے کہ امریکی فوج نے عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا، کتائب حزب اللّٰہ کے آپریشنز، کمانڈ اور کنٹرول سینٹرز کو نشانہ بنایا ہے۔امریکی فوج نے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے امریکی، اتحادی افواج کے خلاف حملوں کے براہ راست جواب میں یہ کارروائی کی گئی ہے۔دوسری جانب ایرانی حمایت یافتہ گروپ کتائب حزب اللّٰہ کا کہناہے کہ امریکی حملے میں 5 جنگجو مارے گئے ہیں۔