پشاور میں غیر ملکی سیاح نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی، جس کا خط بھی سامنے آگیا، وہ 18 اکتوبر کو باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پشاور پہنچا تھا۔
پولیس کے مطابق علاقہ مراد آباد میں اطالوی شہری نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی۔
غیر ملکی سیاح کی شناخت جوشوا موائسز ورگاس کے نام سے ہوئی۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
اطالوی سیاح کو 9 اکتوبر کو سیاحتی ویزا جاری ہوا تھا جبکہ 18 اکتوبر کو باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پشاور میں داخل ہوا تھا، اطالوی سیاح عارضی طور پر نجی سوسائٹی کے فلیٹ میں مقیم تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سے متعلق وزارت خارجہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مبینہ خودکشی کرنے والے اطالوی سیاح کا خط بھی سامنے آیا ہے، جو پولیس کو اس کے کمرے سے ملا ہے۔
اطالوی سیاح کا خط میں کہنا تھا کہ میں نے تمام پیسے امریکا میں اپنی بہن کو بھجوا دیے ہیں، ابھی میرے پاس 1 لاکھ 79 ہزار 500 پاکستانی روپے ہیں، یہ رقم میری میت کی منتقلی کےلیے استعمال کی جائے، میرا ذاتی موبائل فون، عینک و دیگر چیزیں عثمان خان اپنے پاس رکھے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ میں خوشحال زندگی گزار رہا تھا، جو کچھ کر رہا ہوں 100 فیصد اپنی مرضی سے کر رہا ہوں، میں نشے کا عادی نہیں اور نہ ہی کوئی دوسرا مسئلہ ہے، میں صرف گہری نیند کےلیے دوائی کھاتا ہوں۔