الیکشن کمیشن نے پُرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کےلیے فوج سے مدد مانگ لی، آئندہ الیکشنز میں پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج کی تعیناتی کےلیے الیکشن کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔
خط میں سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے لکھا ہے کہ الیکشنز کے انعقاد کے لیے اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، اس لیے فوج اور سول آرمڈ فورسز اسٹیٹک اور بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات کی جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر ایسا کیا جائے۔الیکشن کمیشن کے مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تعیناتی کو سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی پورا کرنے کیلئے یقینی بنایا جائے اور 7 دسمبر سے پہلے الیکشن کمیشن کو اس کے متعلق کنفرمیشن دی جائے۔الیکشن کمیشن کے مراسلہ کے مراسلے کے مطابق اسلام آباد میں اس وقت 9 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے۔الیکشن کمیشن کے مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں اس وقت ساڑھے 4 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے۔ 1500 ایف سی، 1500رینجرز اور 1500 آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ مراسلہ کے مطابق پنجاب میں 2 لاکھ 77 ہزار 610 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں اس وقت ایک لاکھ 8 ہزار 5 سو پولیس اہلکار دستیاب ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مراسلہ کے مطابق پنجاب میں ایک لاکھ 69 ہزار 110 اہلکاروں کی کمی ہے۔ مزید کہا گیا کہ ملک میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر ایسا کیاجائے۔