نامور بالی ووڈ فلم ساز رام گوپال ورما کی جانب سے فلم اینیمل کے تناظر میں بھارتیوں کے رویے پر تبصرہ کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
بالی ووڈ میں انڈر ورلڈ، مار دھاڑ اور سیاست میں جرائم کے حوالے سے فلمیں بنانے کی شہرت رکھنے والے ہدایتکار، اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر رام گوپال ورما نے رنبیر کپور، رشمیکا منڈانا، انیل کپور اور بابی دیول کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم اینیمل کے باکس آفس پر کامیابی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جیسے پہلے تھے اب ویسے نہیں رہے۔
انکا کہنا تھا کہ باکس آفس پر فلم کی کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی فلم بین ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا سے محبت اور انکی عزت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ رام گوپال ورما بذات خود بھی ایسی فلمیں بنانے کی شہرت رکھتے ہیں اور انکی فلموں پر لوگوں کی آرا تقسیم ہوتی ہے، تاہم وہ فلم اینیمل پر پابندی سے ٹوئٹس کر رہے ہیں۔
اتوار کو انہوں نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک بار پھر اس فلم کے بارے میں اپنی رائے شیئر کی جس پر فلم بینوں اور سامعین کے ایک حصے نے خواتین کے خلاف تشدد کی ترغیب اور منفی مردانگی دکھانے کی تعریف پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
اس فلم کے تناظر میں بھارتیوں کے بارے میں اپنی آرا شیئر کرتے ہوئے رام گوپال ورما نے کہا کہ نمبر ایک تو بھارتی اب ویسے نہیں رہے جیسے پہلے تھے یا پہلے جیسے سوچا کرتے تھے۔
انکے مطابق اگر فلموں پر یہ گمان کیا جائے کہ یہ ایک فن ہے تو یہ ایک طرح سے ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں اور اینیمل نے ثقافت کی نئی تعریف کرتے ہوئے پرانے تصور کو ختم کردیا ہے۔
رام گوپال ورما کا کہنا تھا کہ صرف 9 دن میں دنیا بھر میں 660 کروڑ روپے کا بزنس کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب کے اندر اینیمل چھپا ہوا ہے۔