سابق صدر مملکت اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کے معاشی حالات کو ٹھیک کرنا ہے عوام میرا ساتھ دیں، میں ان سب کو سنبھال سکتا ہوں۔
تربت میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاول ملک کا مستقبل ہیں، ہمیں لوگوں کو سنبھالنا ہے، آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر بنانا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ حکومت میں آکر بلوچستان کے تمام مسائل حل کریں گے، اسلام آباد صوبوں کو نہیں سمجھتا، پاکستان بلوچستان کے زور پر چلے گا، بلوچستان میں بہت وسائل ہیں، آگے بڑھنے کی بہت گنجائش ہے، بلوچستان کو ایسا بناؤں گا کہ یہ صوبہ پہلے سے 10 گنا بہتر ہوگا، بلوچستان میں جو پانی آتا ہے، اس کی لائننگ نہیں ہے، سندھ میں پانی کیلئے لائننگ کروادی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان پاکستان کو دنیا کا بڑا ملک بنا سکتا ہے، بنے گا سب کچھ پیار اور بھائی چارے سے، مار دھاڑ سے کچھ نہیں ہوگا، جنگ میں قومیں ترقی نہیں کرتیں، بلوچستان میں امن بھی آئے گا، اسپتال بھی بنائیں گے، پانی دیں گے، بلوچستان اگر زرخیز ہوجائے تو ساری دنیا میں ایکسپورٹ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایسی جگہ سے بلوچستان میں پانی لائیں گے کہ کوئی روک نہیں سکے گا، چین ہمارا پارٹنر ہوگا، ملک کے معاشی حالات ٹھیک کرنا ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دُگنا کرنا ہے، لوگوں کو سنبھالنا ہے، ہر شخص حکمران سے پیار مانگتا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ اپنے آپ کو دہراتی ہے، دنیا میں بہت کم سیاسی لوگ ہیں جنہوں نے اتنا عرصہ جیل میں کاٹا ہو، آج میری شادی کی سالگرہ ہے، آپ سے وعدہ کر رہا ہوں بلوچستان کے غم ہم سمجھتے ہیں، آپ سے میری یہی درخواست ہے کہ اپنے ملک کو بنائیں، ہم نے شہداء کا بیڑا اٹھایا ہے، میں نے پارلیمنٹ کو پاور منتقل کیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ میں جیل میں ایک دن میں 2، 3 کتابیں پڑھتا تھا، پوری دنیا ہمیں لینے کو تیار نہیں، کوئی افورڈ نہیں کر سکتا، ہم نے 40 سال افغانوں کی میزبانی کی، آج بھی وہ ہمارا بھائی نہیں بن رہا، ہم نے دیکھا ہے کہ تاریخ نے کیا کیا ہے، اسرائیل فلسطین میں مار دھاڑ کرکے خوش نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ملک میں معاشی حالات ٹھیک کرنا ہیں، بی بی کارڈ اور یوتھ کارڈ دینا ہے، ہم آنے والی نسلوں سے بھی پیار کریں گے، آپ میرا ساتھ دیں ، میں ان سب کو سنبھال سکتا ہوں، ہم، آپ اور بلاول آپ کا مستقبل ہیں، ہر ڈویژن میں یونیورسٹیاں بنائیں گے، اسپتال بنائیں گے۔